ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / حملے کے الزام میں آپ ممبر اسمبلی نریش بالیان گرفتار، ضمانت ملی

حملے کے الزام میں آپ ممبر اسمبلی نریش بالیان گرفتار، ضمانت ملی

Sun, 16 Oct 2016 12:24:26    S.O. News Service

نئی دہلی، 15؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا) دہلی پولیس نے آج حملہ کرنے کے الزام میں آپ ممبر اسمبلی نریش بالیان کو گرفتار کر لیا،اس طرح اس پارٹی کے گرفتار اراکین اسمبلی کی تعداد 13ہو گئی۔پارٹی نے اس کارروائی پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔اتم نگر سے آپ کے رکن اسمبلی بالیان کو اگرچہ دیر رات ضمانت مل گئی۔بالیان کو ایسے دن گرفتار کیا گیا جب نائب وزیر اعلی منیش سسودیا اور اوکھلا کے ممبر اسمبلی امانت اللہ خان سے الگ الگ مقدمات میں اینٹی کرپشن شاخ کی طرف سے پوچھ گچھ کی گئی اور مٹیالا سے رکن اسمبلی گلاب سنگھ کے خلاف جاری غیرضمانتی وارنٹ کے بارے میں خبر آئی۔جوائنٹ پولیس کمشنر (جنوب مغرب)دپیندرپاٹھک نے کہا کہ آپ ممبر اسمبلی بالیان کو آج اتم نگر تھانے میں گزشتہ ہفتے درج حملے کے کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا۔پولیس افسر نے کہا کہ بالیان کو رات قریب ساڑھے آٹھ بجے پوچھ گچھ کے لئے تھانے بلایا گیا اور بعد میں انہیں گرفتار کر لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بالیان کے ساتھی مہاویر فوجی کو بھی گرفتار کیا گیا۔افسر نے کہا کہ ایسے معاملات میں ملزم کو گرفتار کرنا ضروری ہوتا ہے کیونکہ ہمیں حقائق معلوم کرنے ہوتے ہیں،یہ ضمانتی جرم ہے اور انہیں دیر رات تک ضمانت دے دی گئی۔


Share: